اسلام آباد (اے پی پی۔نمائندہ خصوصی )وفاقی وزارت تعلیم وپیشہ وارانہ تربیت نے کہاہے کہ وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور قومی کمیشن برائے یونیسکو نے ڈانس فار ایجوکیشن پروگرام کی ہدایت کی اور نہ ہی اس کا اہتمام کیا ہے، ڈانس فار ایجوکیشن پروگرام یونیسکو کے بین الاقوامی اقدامات کا حصہ ہے۔ ہفتہ کویہاں وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی جانب سے جاری ہونے والے وضاحتی بیان میں کہاگیاہے کہ اقوام متحدہ کا ادارہ یونیسکو تعلیم ، سائنس ،ثقافت اورمواصلات میں بین الاقوامی تعاون کے ذریعے امن اور سلامتی کو فروغ دینے میں اہم کردار کررہاہے ۔ ڈانس فار ایجوکیشن پروگرام یونیسکو کے اقدامات میں سے ایک وسیع مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد دنیا بھر میں تعلیم کی اہمیت پر زور دینا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ اس پروگرام کے ذریعے، یونیسکو ثقافتی تبادلوں اور تعلیمی مواقع کو بڑھانے کے لیے دنیا بھر میں ممالک کے ساتھ تعاون کرتا ہے، جو معاشروں کی تشکیل میں تعلیم کی اہمیت وقدر کو اجاگر کرتا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ یہ آرٹس فار ٹرانسفارمیٹیو ایجوکیشن کا حصہ ہے جو یونیسکو سے منسلک سکولز نیٹ ورک کے اساتذہ کی تحقیق پرمبنی آرٹس فار ٹرانسفارمیٹیو ایجوکیشن ماڈل کے لیے رہمنائی وحوصلہ افزائی کرتی ہے ۔ ترجمان نے کہاکہ ڈانس فار ایجوکیشن پروگرام کی وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور نہ ہی پاکستان کے قومی کمیشن برائے یونیسکو نے ہدایت نہیں کی اور نہ ہی اس کا اہتمام کیا۔ اسی طرح اسکولوں کے لیے بھی اس میں حصہ لینا لازمی قرار نہیں دیا گیا تھا۔ یہ صرف اور صرف یونیسکو کے بین الاقوامی اقدامات کے حوالے سے معلوماتی مقاصد کے لیے نشر کیا گیا تھا۔ترجمان نے بتایا کہ اس سے قبل جاری کردہ خط کو واپس لیا جارہاہے اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کسی بھی غلط فہمی پر دلی طور پر افسوس ہے۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان نیشنل کمیشن برائے یونیسکو وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی قیادت میں پاکستان میں تعلیم کی ترقی کے لیے کام کرتا رہے گا۔نمائندہ کی رپورٹ کے مطابق وزارت تعلیم کی جانب سے اسکولوں میں ڈانس کرانے کا نوٹفیکشن گزشتہ دنوں جاری کیا گیا تھا