اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ لیلتہ القدر انسان کو اللہ تعالی کا قرب حاصل کرنے اور اپنے گناہوں کی بخشش طلب کرنے کا سنہری موقع فراہم کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیلتہ القدر کے موقع پر کیا جو 6 اور 7 اپریل کی درمیانی شب کو نہایت مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔اسپیکر نے کہا کہ لیلتہ القدر وہ رات ہے جس رات ہمارے پیارے پیغمبر حضرت محمد ؐ پر قرآن مجید اترا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ رات ہزار مہینوں سے افضل ہے جس میں فرشتے اللہ کی اجازت سے زمین اترتے ہیں اور عبادت کرنے والوں پر سلامتی بھیجتے ہیں ۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی وہ اس رات کو ملک کو درپیش چیلنجز سے نکلنے کے لیے اللہ تعالی کے حضور گڑگڑا کر دعا کریں۔انہوں نے کہا کہ قوم دعا کی قبولیت کی اس گھڑی میں اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کو ضرور یاد رکھیں جو گزشتہ 6 ماہ سے ظلم و بربریت کی چکی میں پس رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لیلتہ القدر ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ قرآن مجید کی تعلیمات کو اپنا کر ہم دنیا و آخرت می کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ لیلتہ القدر وہ بابرکت رات ہے جس رات ملائکہ اپنے رب کی اجازت سے زمین پر اترتے ہیں اور اس رات کو صبح تک سلامتی بھیجتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ رات سلامتی کی رات ہے اور آپس میں امن اور سلامتی سے رہنے کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ اس رات کی فضیلت و براکات سے بہرامند فرمانے کا موقع فراہم کرے۔