اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )سپریم کورٹ کے مزید 5 ججز کے نام مشکوک خطوط موصول ہوئے ہیں، سپریم کورٹ عملے نے مشکوک خطوط سی ٹی ڈی حکام کےحوالے کر دیے۔سپریم کورٹ کے جسٹس منیب اختر، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹ عرفان سعادت اور جسٹس عائشہ ملک کو بھی دھمکی آمیز خطوط ملے ہیں۔گزشتہ تین روز کے دوران چیف جسٹس سمیت عدالت عظمیٰ کے 10 ججز کو مشتبہ پاؤڈر سے بھرے ہوئے دھمکی آمیز خطوط ملے ہیں۔لاہورہائی کورٹ کے جسٹس باقر علی نجفی کو بھی آج دھمکی آمیز خط ملا ہے، عدالت عالیہ میں خط پانے والے ججز کی تعداد6 ہوگئی۔سپریم کورٹ میں پہلے جن ججز کو خطوط موصول ہوئے تھے ان میں موجود پاؤڈر میں آرسینک کی مقدار 10 فیصد پائی گئی ہے، آج ملنے والے خطوط بھی سی ٹی ڈی کے حوالے کردیے گئے، اب تک سپریم کورٹ کے 10، اسلام آباد ہائی کورٹ کے 8 اور لاہور ہائی کورٹ کے 6 ججز کو دھمکی آمیز خطوط موصول ہوچکے ہیں۔خطوط سے متعلق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی تحقیقات جاری ہیں۔