اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر مواصلات عبد العلیم خان نے کہا ہے کہ ملکی تعمیر وترقی اور عوام کی خدمت کے جذبہ سے سیاست میں قدم رکھا ہے، تین سنہرے اصولوں کو لے کر تعمیری سفر کا آغاز کریں گے، محصولات میں اضافہ اعلیٰ معیار کی تعمیر اور شفافیت میرے بنیادی اصول رہیں گے ۔جمعہ کو جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت مواصلات کا باضابطہ قلمدان سنبھالنے کے بعد این ایچ اے کے اعلیٰ حکام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری مواصلات علی شیر محسود ، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی ارشد مجید مہمند اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔فیڈرل سیکرٹری مواصلات علی شیر محسود نے وفاقی وزیر کو این ایچ اے اور مواصلات کے دیگر ذیلی اداروں بارے مفصل بریفنگ دی ۔ وفاقی وزیر مواصلات عبد العلیم خان نے کہا کہ تعمیری عمل میں اعلیٰ معیار شفافیت، لگن اور محنت کو اگر نصب العین رکھا جائے تو ملک و قوم جلد ترقی سے ہمکنار ہو سکتے ہیں –ہم اسی جذبہ کے ساتھ وزارت مواصلات کے تمام تعمیری و انتظامی امور کی تکمیل کو یقینی بنائیں گے تاکہ تعمیری منصوبوں کی بر وقت تکمیل سے عوام استفادہ کر سکیں۔