اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی ہائی کمشنرجین میریٹ نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز سمیت دوطرفہ سکیورٹی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی ۔وفاقی وزیر داخلہ نے برطانوی ہائی کمشنر کا وزارت داخلہ آمد پر خیرمقدم کیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔برطانوی ہائی کمشنر نے پی ایس ایل 9 کے کامیاب انعقاد پر محسن نقوی کو مبارکباد دی۔ہائی کمشنرجین میریٹ نے محسن نقوی کو بلامقابلہ سینٹر منتخب ہونے پران کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ محسن نقوی کی پی سی بی اور وزارت داخلہ میں کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہوں۔ہائی کمشنر نے کہا کہ انہوں نے پی ایس ایل کے میچ دیکھ کر بہت انجوائے کیا اور توقع ظاہر کی کہ پاکستان اور انگلینڈ کے میچوں سے شائقین کرکٹ محظوظ ہوں گے۔برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیتا چاہتے ہیں۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تاریخی تعلقات کی اہمیت اپنی جگہ مسلمہ ہے۔ پاکستان مختلف شعبوں میں برطانیہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹی ٹونٹی سیریز دونوں ٹیموں کی ورلڈکپ تیاری میں معاون ثابت ہوگی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا دونوں ملکوں کی ترقی میں خصوصی کردار قابل تعریف ہے ۔باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے وفود کے تبادلے ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام شہریوں کی حفاظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔دہشتگردوں کو امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی ۔دہشت گردی ایک بین الاقوامی مسئلہ ہےجس سے نمٹنےکیلئے مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینا وقت کی ضرورت ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔پاک فوج اورسکیورٹی اداروں نے اس جنگ میں شجاعت اور بہادری کی داستان رقم کی ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، برطانوی ہائی کمیشن کے حکام اور وزارت داخلہ کے متعلقہ افسران بھی اس ملاقات کے موقع پرموجود تھے۔