اسلام آباد۔:(نمائندہ خصوصی )نجکاری کمیشن بورڈ کا 217 واں اجلاس وفاقی وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان کی زیر صدارت نجکاری کمیشن اسلام آباد میں جمعرات کو اختتام پذیر ہو گیا۔نجکاری کمیشن بورڈ نے 2 اور 4 اپریل 2024 کو منعقدہ دو نشستوں میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل) کی تقسیم کے لیے پیش کی جانے والی بولیوں کی جانچ کے لیے پری کوالیفکیشن کے معیار اور پری کوالیفیکیشن کمیٹی کی منظوری دی۔وزارت نجکاری کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کہ پی آئی اے سی ایل مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے خاص طور پر ایئر لائن کی تنظیم نو کے بعد ایک بہت پرکشش موقع ہے جس میں کمپنی کے زیادہ تر واجبات اس کی بیلنس شیٹ سے ہٹا دیئے گئے ہیں۔وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی تاجر برادری بھی اس موقع کو پر جوش انداز سے دیکھے گی اور قومی ایئرلائن کے حصول میں اپنی دلچسپی ظاہر کرے گی۔نجکاری کمیشن نے 2 اپریل 2024 کو قومی اور بین الاقوامی اخبارات میں شائع ہونے والے اشتہار کے ذریعے پی آئی اے سی ایل میں اکثریتی حصص کی بولی لگانے کے خواہشمند اداروں کو اظہار دلچسپی جمع کرانے کی دعوت دی ہے۔ اظہار دلچسپی کا اشتہار اور تمام متعلقہ دستاویزات نجکاری کمیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔