اسلام آباد:(مانیٹرنگ ڈیسک )نریندر مودی کی قیادت میں بھارتی حکومت نے ممتاز کشمیری حریت رہنما اور کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سابق کنوینر محمد فاروق رحمانی کے ٹوئٹر اور فیس بک اکانٹس کو بند کروادیا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی حکومت کی پالیسیوںکے ناقد محمد رحمانی نے اسلام آباد میں ایک بیان میں کہاہے کہ بھارتی حکومت نے اپنا ناجائز اثر ورسوخ استعمال کرتے ہوئے انکے سوشل میڈیا ایکس اکائونٹ کو بھارت اور مقبوضہ جموں و کشمیر دونوں میں غیر فعال کروا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی مودی حکومت کی ایما پر انکا فیس بک اکائونٹ ہیک کرکے اسے بھی غیر فعال کر دیا گیا۔فاروق رحمانی نے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹس کو غیر فعال کرنے کے بھارتی حکومت کی سازشوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے اختلاف رائے کو خاموش کرانے اور کشمیریوں کی آواز کو دبانے کی ایک ناکام کوشش قرار دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں حریت قائدین کوانکی پر امن سیاسی سرگرمیوں اور تحریک آزادی سے وابستہ پر مسلسل انتقامی کارروائی کا نشانہ بنارہی ہے اور انکے سوشل میڈیااکائونٹس کی بندش بھی اسی مہم کا حصہ ہے ۔واضح رہے کہ مودی کی بھارتی حکومت نے خبر ایجنسی کشمیر میڈیاسروس کی اردو سروس کا ایکس اکائونٹ بھی معطل کر دیا ہے ۔