کراچی ( کرائم رپورٹر)نیو کراچی کے علاقے فائیو ای خدیجۃ الکبریٰ مسجد کے قریب گھر کے باہر بیٹھے ہوئے 22 سلہ یاسین کو موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جسے ایک گولی کاندھے اور دوسری ٹانگ پر لگی۔ڈاکو واردات کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ لوگوں نے ان کا تعاقب کیا اس دوران کچھ فاصلے پر پاور ہاؤس عالم پرائیڈ کے قریب ڈاکوؤں نے تعاقب کرنے والوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 32 سالہ عامر سینے پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں اسپتال لیجایا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ اسی دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے راہگیر 22 سالہ شاہد نامی شخص بھی کمر پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔شادمان ٹاؤن انڈہ موڑ کے قریب ڈاکوؤں نے مزاحمت پر 70 سالہ حامد علی کو پیٹ پر گولی مار کر شدید زخمی کر دیا جنھیں تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال لیجایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی شارع نور جہاں پولیس سمیت پولیس کے بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ پر کرائم سین یونٹ کو طلب کرکے شواہد جمع کیے، مقتول کے ہمراہ موجود شخص نے بتایا کہ انڈہ موڑ پر تربوز فروخت کرنے والے سے ڈاکو لوٹ مار کر رہے تھے کہ حامد علی نے ان سے مزاحمت کی تو انہوں نے فائرنگ کر کے انھیں قتل کر دیا۔مقتول حامد علی نارتھ کراچی سیکٹر سیون ڈی فور نازش اپارٹمنٹ کے رہائشی اور 3 بچوں کے باپ تھے اور لوگوں کی مدد کرنے میں سب سے آگے ہوتے تھے۔