اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکمانستان کےدرمیان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ تکمیل کے قریب ہے، دونوں ممالک کو اس تجارتی معاہدے سے بہت زیادہ فوائد حاصل ہوں گے۔ وزارت تجارت کے اعلامیہ کے مطابق جام کمال خان نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو اپنے دفتر میں پاکستان میں تعینات ترکمانستان کے سفیر اتاجان مولاموف سے ملاقات کے دوران کیا۔ترکمانستان کے سفیر نے وفاقی وزیر تجارت کو ان کی حالیہ تقرری پر مبارکباد پیش کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جام کمال خان نے کہا کہ ترکمانستان کے ساتھ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط اور تجارتی حجم میں اضافہ کیا جائے گا۔دونوں رہنمائوں نے تجارت کے لئے نئے راستوں کی تلاش اور ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدوں کے ذریع تجارتی حجم کو بڑھانے کے حوالے سے موثر حکمت عملی اپنانے پر تبادلہ خیال کیا ۔ ترکمانستان کے سفیر نے پاکستان میں مقامی پیداوار کے مقابلے سستی بجلی دینے کی پیشکش کی ،اس کے علاوہ ایل پی جی اور بجلی جیسے توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی ۔