اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے اعلیٰ ٹیلنٹ کو راغب کرنے اور برقرار رکھنے کے لئے نئے اقدامات کئے جائیں گے، باصلاحیت پیشہ ور افراد اور تکنیکی ماہرین ہمارے موجودہ گورننس کے نظام میں جدت لا کر اسے مزید مؤثر بنائیں گے۔بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں نئے ٹیلنٹ کے فروغ اور وفاقی وزارتوں کی استعداد بڑھانے کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا ۔اجلاس میں وفاقی وزارتوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے بین الاقوامی شہرت کے حامل ماہرین اور کنسلٹنٹس کی خدمات کے حصول کے حوالے سے تجاویز پر غورکیا گیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح کا ٹیلنٹ پول تشکیل دینا چاہئے کیونکہ یہ ایسا دور ہے جس میں کسی بھی قوم کی کامیابی میں ٹیلنٹ ہی سب سے بڑا فرق پیدا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی پالیسی پروگراموں پر مؤثر عملدرآمد کیلئے اہل اور باصلاحیت کارکنوں کی تیاری کے طریقوں اور غیر جانبداری کے اصولوں پر قائم اور میرٹ پر بھرتی کرنے کے حوالے سے اہم اجلاس کی بھی صدارت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ باصلاحیت ٹیلنٹ کو راغب کرنے اور اس کے حصول پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے جس طرح ہمیں ملک میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور اس کے حصول پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔کاروباری برادری ایسی جگہوں پر سرمایہ کاری چاہتی ہے جہاں ٹیلنٹ ہو، سیاست اور پالیسیاں مستحکم ہوں اور سسٹم کام کرے۔ وزیراعظم نے پاکستان میں ٹیلنٹ کی ضرورت کے بہتر حصول میں مدد کیلئے وزارتوں میں حالیہ فریم ورک کو بہتر بنانے اور واضح کرنے کیلئے پالیسی کی تشکیل کیلئے وزیر خزانہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی اور اسے اپنی تجاویز جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں پالیسی سازی کی سطح پر تکنیکی معاونت کی کمی کو پورا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیاجو سول سروس میں نئی مہارتیں تیار کرنے، بڑے منصوبوں کے انتظام کو بہتر بنانے اور ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کیلئے ضروری ہے۔اجلاس کے شرکاء نے بیرون ملک سے افراد کی تعیناتی میں ٹائم سکیل طریقہ کار رکاوٹوں کو اجاگر کیا جس کی وجہ سے بہترین امیدواروں کو درست طریقہ سے تلاش نہیں کیا جا سکتا اور تنخواہوں کی ادائیگی جیسے مسائل سے بہترین ٹیلنٹ بالخصوص ایسے علاقے جہاں ہنرمند افراد کی کمی ہو ، تلاش کرنا مشکل ہوتا ہے۔اجلاس میں وفاقی وزراء احد چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، ڈاکٹر مصدق ملک، سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ اور اعلیٰ سرکاری افسران موجود تھے۔