اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری موغادم نے منگل کو یہاں ایرانی سفارت خانہ میں رمضان المبارک اور نوروز کی مناسبت سے صحافیوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ایران کے سفیر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کی اس خوبصورت شب بہار جو نوروز سے ہم آہنگ ہے، ہم اپنے برادر اور دوست ملک پاکستان میں اس تقریب میں صحافیوں کی میزبانی کر رہے ہیں۔ڈاکٹر رضا امیری موغادم نے کہا کہ اسرائیلی حکومت نے غزہ میں نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کیا ہے جس کے نتیجے میں اب تک ایک لاکھ سے زائد معصوم بچے، خواتین اور مرد شہید یا زخمی ہوچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کے جرائم کے خلاف مضبوط موقف رکھنے پر پاکستان کی حکومت، عوام اور میڈیا کو سراہتا ہوں۔ایران کے سفیر نے کہا کہ ہم ان صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے دنیا میں انصاف، سچائی، امن اور محبت کو فروغ دینے کے لیے اپنی قیمتی جانیں قربان کیں۔ سفیرنے کہا کہ ایران کے صدر ڈاکٹر رئیسی نے پاکستان سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ ہمہ گیر تعلقات کو مزید مضبوط کیا ہے، گزشتہ سال کے دوران پاکستان کے ساتھ سیاسی، اقتصادی، سلامتی اور تجارت سمیت تعاون کے دیگر شعبوں میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان اور ایران کے درمیان دو باضابطہ سرحدی گزرگاہیں کھولنا، پاکستان کو بجلی کی برآمد کو 200 میگاواٹ تک بڑھایا گیا جسے 500 میگاواٹ تک بڑھایا جا سکتا ہے جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم کو 2.5 بلین ڈالر تک بڑھانا کامیابیوں میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ برادر ممالک ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی ترقی کے لیے حمایت اور تعاون پر پاکستانی میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں غزہ کی جنگ کے دوران شہید ہونے والے صحافیوں کی یاد میں چند لمحوں کی خاموشی اختیار کی گئی۔ تقریب کے شرکاءکی ایران کے روایتی کھانوں سے تواضع کی گئی۔