جموں:نیشنل کانفرنس کے ایڈیشنل جنرل سکریٹری اجے سدھوترا نے بی جے پی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی جمہوریت کی بنیادوں کو شدید خطرات لاحق ہیں اور تمام ادارے حملے کی زد میں ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اجے سدھوترا نے جموں شہر میں ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے آمرانہ رویہ اختیارکرکے جمہوریت کو داغدار کیا ہے جو ملک کے شہریوں کے لیے انتہائی تشویش کا باعث ہے۔ پارٹی کے صوبائی صدر رتن لال گپتا نے کہاکہ عام شہریوں کی بنیادی ضروریات اور خواہشات کو پورا کرنے میں انتظامیہ کی ناکامی کی وجہ سے لوگوں میں مایوسی بڑھ رہی ہے۔ ریاسی ادھم پورکے زونل صدر اور سابق وزیر عبدالغنی ملک نے سیکولرازم کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے سیاسی فائدے کے لیے برادریوں میں تقسیم کے بیج بوئے ہیں۔ انہوں نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی بحالی کے لیے” انڈیا” بلاک اتحاد کی حمایت پر زوردیا۔نیشنل کانفرنس کی بی جے پی حکومت پر تنقید اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ بھارت کی سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی گروپوں میں موجودہ حکومت کے دور میں جمہوری اقدار اور اداروں کی تباہی کے حوالے سے خدشات بڑھ رہے ہیں۔ ”انڈیا”الائنس کوجس میں نیشنل کانفرنس بھی شامل ہے، بھارت میں ہونے والے عام انتخابات میں بی جے پی کے لیے ایک چیلنج کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔