اسلام آباد:(مانیٹرنگ ڈیسک)اٹلی میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کے پہلے 8ماہ کے دوران سالانہ بنیاد پر16.4 فیصد نموریکارڈکی گئی ۔سٹیٹ بینک کے اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8ماہ میں اٹلی میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 633.5 ملین ڈالرزرمبادلہ ارسال کیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 16.4 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اٹلی میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 544.2 ملین ڈالرزرمبادلہ ارسال کیاتھا۔فروری 2024 میں اٹلی سے ترسیلات زرکاحجم 73.9 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوجنوری میں 82.8 ملین ڈالر اورگزشتہ سال فروری میں 66.5 ملین ڈالرتھا۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سمندرپارپاکستانیوں کی مجموعی ترسیلات زرکاحجم 18.082 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا ہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 18.30 ملین ڈالرتھا۔