بیجنگ (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی اور ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ چوہدری سالک حسین چین کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پیر کو خصوصی پرواز کے ذریعے دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہونے والے پانچ چینی اہلکاروں کی میتوں کے ہمراہ چین کے شہر ووہان پہنچ گئے۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر لقمہ اجل بننے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقدہ خصوصی تقریب میں بھی شرکت کی۔قبل ازیں وفاقی وزیر کا ووہان کے ہوائی اڈے پر اعلیٰ سرکاری حکام اور پاکستانی سفارت خانے کے نمائندے نے استقبال کیا۔ بعد ازاں وفاقی وزیر نے صوبہ ہوبی کی نائب گورنر چن پنگ سے ملاقات کی اور معصوم جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس گھنائونے جرم کا ارتکاب کرنے والے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔وفاقی وزیر نے پاکستان کی ترقی اور پیشرفت میں انمول شراکت پر چینی اہلکاروں زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام پاک چین تعلقات کے خلاف مذموم منصوبوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ چینی انجینئرز 26 مارچ کو شانگلہ میں دہشت گردوں کے حملے میں مارے گئے تھے۔