اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور ترکمانستان کے مابین ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے پر دستخط سے تجارت کو وسعت، علاقائی روابط کو فروغ دینے اور خطے میں اقتصادی سرگرمیاں بڑھانے میں مدد ملے گی۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر عطاجان موولاموف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔سفیر نے صدر مملکت کو دوسری بار صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں تاپی گیس پائپ لائن کی جلد تکمیل کی خواہش کا بھی اظہار کیا گیا جس سے نہ صرف پاکستان کی معیشت کو سہارا ملے گا بلکہ ملک کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ صدر مملکت نے ترکمانستان کے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترکمانستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو صدیوں پرانے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی روابط کی وجہ سے خصوصی اہمیت دیتا ہے اور دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کے لئے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو بڑھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے ترکمانستان کے ساتھ باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید بڑھانے کے لئے کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے موجودہ حجم کو دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لئے بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان ترکمانستان کے ساتھ اعلیٰ سطحی تبادلوں کو بڑھانے کا خواہاں ہے جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ تجارتی حجم بڑھانے کی بھی ضرورت ہے۔ سفیر نے صدر مملکت کو ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف اور سابق صدر گربانگولی بردی محمدوف کی جانب سے مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر ترکمان سفیر نے کہا کہ پاک۔ترکمان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ نہ صرف دونوں دوست ممالک بلکہ خطے کیلئے بھی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے سے خطے میں بڑی ٹرانزٹ تجارتی سرگرمیاں شروع ہوں گی۔ صدر مملکت نے ملاقات کے دوران ترکمانستان کی قیادت کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور مبارکباد کے پیغام پر شکریہ ادا کیا