بیجنگ۔:(مانیٹرنگ ڈیسک )چھیوشی میگزین کے ساتویں شمارے میں سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری، چین کے صدر اور سینٹرل ملٹری کمیشن کے چیئرمین شی جن پنگ کا ایک اہم مضمون “ہمیں عوام کی مرکزیت پر قائم رہنا چاہیے”کے عنوان کے تحت پیر کو شائع ہوگا۔چینی میڈ یا کے مطا بق مضمون میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ عوام تاریخ کے خالق ہیں اور حقیقی ہیرو ہیں۔ عوام ملک پر حاکم، ہماری جمہوریہ کی مضبوط بنیاد اور ہماری پارٹی کو مضبوط کرنے اور ملک و قوم کی احیاء کی بنیاد پر ہماری پارٹی کا سب سے بڑا اعتماد ہیں۔ بہتر زندگی کے لئے لوگوں کی امنگ ہمارا مقصد ہے۔ چینی کمیونسٹوں کی اصل خواہش اور مشن چینی عوام کے لئے خوشحالی اور چینی قوم کے لئے احیا کی جستجو کرنا ہے۔ یہ اصل خواہش اور مشن وہ بنیادی محرک قوت ہے جو چینی کمیونسٹوں کو آگے بڑھنے کی ترغیب دیتی ہے۔مضمون میں نشاندہی کی گئی ہے کہ عوام کی مرکزیت کا موقف کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کا بنیادی سیاسی موقف ہے اور ایک واضح علامت ہے جو ایک مارکسی سیاسی جماعت کو دیگر سیاسی جماعتوں سے ممتاز کرتی ہے۔ عوام کے مفادات کے علاوہ پارٹی کا اپنا کوئی خاص مفاد نہیں ہے اور پارٹی کے تمام کاموں کا مقصد عوام کے بنیادی مفادات کا ادراک، تحفظ اور ترقی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کی دل و جان سے خدمت کرنے کے بنیادی مقصد کو برقرار رکھا جائے اور عوام کی بہتر زندگی کی خواہش کو مسلسل حقیقت کا روپ دیا جائے۔ مضمون میں نشاندہی کی گئی ہے کہ عوام ایک عظیم جدید سوشلسٹ ملک کی ہمہ جہت تعمیر میں فیصلہ کن قوت ہیں۔ ہمیں تمام لوگوں کی مشترکہ شمولیت، مشترکہ تعمیر اور مشترکہ استفادےپر زور دینا ہوگا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمہ گیر عوامی طرز جمہوریت کو فعال طور پر فروغ دیا جائے۔ ہم عوام پر مبنی ترقیاتی فلسفے کو نافذ کریں گے، عوام کو درپیش مسائل کو موئثر طور پر حل کریں گے، جدیدیت کے ثمرات سے زیادہ منصفانہ انداز میں تمام لوگوں کو فائدہ پہنچائیں گے، اور تمام لوگوں کے لئے مشترکہ خوشحالی کو فروغ دینے میں مزید واضح اور ٹھوس پیش رفت جاری رکھیں گے۔ ہم ملک میں تمام قومیتی گروہوں کے لوگوں کے عظیم اتحاد اور اندرون و بیرون ملک چینوں کے عظیم اتحاد کو مستحکم اور فروغ دیتے رہیں گے، تمام مثبت عوامل کو مکمل طور پر متحرک کریں گے اور ایک مضبوط ملک کی تعمیر اور قوم کی احیاء کی شاندار قوت کو یکجا کریں گے۔