فیصل آباد (نمائندہ خصوصی )فیصل آباد کے قریب آتش بازی کے سامان بنانے والی فیکٹری میں دھماکہ، 15 سالہ لڑکے سمیت جھلس جانے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق مکو آنہ کھڑیانوالہ بائی پاس پر غازی ٹاؤن پرانا مکوآنہ واقع آتش بازی کے سامان بنانے والی فیکٹری میں آگ لگنے آتش گیر مادے کی وجہ سے دھماکہ ہوا۔حادثہ میں 15 سالہ لڑکا ضیاء ولد احسان الحق اور 34 سالہ شہباز ولد طفیل جھلس جانے سے موقع پر جاں بحق ہوگیا۔حادثہ میں جاں بحق ہونیوالے دونوں افراف غازی ٹاؤن پانا مکو آنہ کے رہائشی ہیں ریسکیو 1122 حکام نے بتایا کہ عینی شاہدین کے مطابق آتش بازی کے سامان بنانے والی فیکٹری میں بلاسٹ ہونے کی وجہ سے آگ لگ گئی، جس سے لوہے کا شیڈ کر گیا، ریسکیو ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا ، ریسکیو ٹیم کو موقع پر دو افراد کی نعشیں ملیں جوموقع پر ہی جاں بحق ہوچکے تھے۔ریسکوٹیم نے نعشوں کو ملبے سے نکال کر تھانہ کھڑیانوالہ پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال مارچری منتقل کردیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے قانونی کارروائی شروع کردی۔ پولیس حکام کے مطابق فیکٹری زاہد عرف لبھی ساکن229 ر۔ب کی ہے۔