بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک ) چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نےچین کے صوبے گوانگ ڈونگ کے شہر شینزین اور گوانگ ژو کا سرکاری دورہ کیا ۔ انہوں نے یہ دورہ دونوں شہروں کے ساتھ سیاسی، ثقافتی، علمی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات بڑھانے کے سلسلہ میں کیا ۔پاکستانی سفیر کا عہدہ سنبھالنے کے بعدان کا صوبے کا یہ پہلا دورہ تھا۔ سفیر کا یہ دورہ پاکستان اور چین کی طرف سے مشترکہ طور پر منعقدہ سال بھر کی گندھارا آرٹ نمائش کی اختتامی تقریب کے ساتھ طے شدہ تھا۔پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی کے دورے کا مقصد دونوں بڑے شہروں کے ساتھ سیاسی سطح پر تعلقات کے ساتھ ساتھ ثقافتی، علمی اور سب سے اہم تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانا تھا۔ شینزن میں کمیونسٹ پارٹی کے اعلیٰ رہنما مینگ فانلی اور گوانگ ژو شہر کے میئر سن ژیانگ نےسفیر خلیل ہاشمی کا استقبال کیا۔ سفیر نے گزشتہ چار دہائیوں میں شہروں کی شاندار اقتصادی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں پاکستان کے سرمایہ کاری کے منظر نامے اور گوانگ ڈونگ کے سرمایہ کاروں کے لیے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں آگاہ کیا۔
اس موقع پر دونوں چینی رہنماؤں نے پاکستان اور متعلقہ شہروں کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات بشمول پاکستانی طلباء کی بڑھتی ہوئی تعداد پر اطمینان کا اظہار کیا اور اقتصادی تعلقات کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ اس دوران ملاقاتوں میں ادارہ جاتی میکنزم کے قیام کے ذریعے ترجیحی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق رائے پایا گیا۔ثقافتی شعبہ کے حوالے سفیر خلیل ہاشمی نے گندھارا آرٹ نمائش کی اختتامی تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ تعلقات میں ایسے اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے خیالات کا اظہار کیا۔اس موقع پرانہوں نے پیلس میوزیم کے ڈائریکٹر وانگ ژوڈونگ سے بھی ملاقات کی، جہاں دونوں رہنمائوں نے تقریب کے کامیاب اختتام کو سراہا اور ثقافتی تعاون کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیاسفیر خلیل ہاشمی نےمتعدد نمایاں ترین چینی اداروں جن میں سرکاری اور نجی دونوں شامل تھے کے سربراہوں سے اقتصادی شعبہ کے حوالے سے بات چیت کی۔ ان تمام اداروں کی قیادت نے سفیر کو پاکستان میں سرمایہ کاری میں مصروف عمل ہونے اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔سفیر خلیل ہاشمی نے انہیں پاکستان کی سرمایہ کاری کی پالیسیوں سے آگاہ کیا اور انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے شینزین میں قائم تکنیکی اداروں کے ایک فورم سے بھی خطاب کیا۔ تعلیمی اداروں کے ساتھ مشغول ہونے کے سلسلہ میں سفیر نے شینزین یونیورسٹی کا دورہ کیا اور صدر کے ساتھ ملاقات کی۔دونوں فریقین نے یونیورسٹی میں پاکستان ریسرچ اینڈ سٹڈی سنٹر کے قیام کے امکان سمی تعاون کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے شینزین یونیورسٹی میں داخلہ لینے والے پاکستانی طلباء سے بھی بات چیت کی۔مزید برآں انہوں نے گوانگ ژو میں گوانگ ڈونگ یونیورسٹی آف فارن اسٹڈیز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اردو سیکھنے والے طلباء سے بات چیت کی۔طلباء نے ثقافتی پرفارمنس کے ذریعے پاکستان کے ساتھ اپنی محبت کا اظہار بھی کیا اور ’دل دل پاکستان‘ پیش کیا۔سفیر ہاشمی نے اپنے دورے کے دوران متعدد کمیونٹی کے ارکان سے بات چیت بھی کی جہاں انہوں نے پاکستانی تارکین وطن کی جانب سے ادا کیے گئے اہم کردار کی تعریف کی اور انہیں بیجنگ میں سفارت خانے اور گوانگ ژوو میں قونصلیٹ جنرل کی جانب سے مکمل سہولت فراہم کرنے کا یقین دلایا۔