کوئٹہ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ کے علاقے سرہ غوڑگئی میں عزیز اللہ نامی شخص کے اندھے قتل کا معمہ 24 گھنٹے کے اندر اندر سلجھانے اور ملوث ملزمان کی گرفتاری پر ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالحئی عامر بلوچ سمیت مقدمے کی تفتیش و نگرانی پر معمور سیریس کرائم انویسٹی گیشن یونٹ کی کارکردگی کو سراہا ہے اور حسن کارکردگی سرٹیفکیٹ دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ جرائم کی روک تھام اور تفتیش کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے بلوچستان پولیس آئندہ بھی متحرک کردار ادا کرے گی۔اتوار کو یہاں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں عزیز اللہ کیس کی تفتیش اور معاونت پر معمور پولیس افسران کو وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے حسن کارکردگی سرٹیفکیٹ دئیے ۔اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم اور انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ بھی موجود تھے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عزیز اللہ قتل میں سیریس کرائم انویسٹیگیشن یونٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بلوچستان پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون اور وسائل کی فراہمی کا یقین دلایا وزیر اعلٰی نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور بحالی امن کیلئے بلوچستان پولیس کو ایک مثالی فورس بنائیں گے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام اور پولیس کے مابین اعتماد کی فضاء کو بحال کرکے دو طرفہ تعاون کو فروغ دیا جائے تاکہ عوام کے تعاون سے معاشرے میں پائی جانے والی برائیوں اور جرائم کا موثر سدباب کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ پولیس سرکاری سطح پر مقدمات کی موثر پیروی کرتے ہوئے جرائم میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے۔ وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی ہے کہ جرائم کی روک تھام اور تفتیش کے لئے پولیس اسی متحرک انداز میں فعال کردار ادا کرتے ہوئے عوام کا اعتماد بحال کرے گی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت سیریس کرائم انویسٹیگیشن یونٹ کی فعالیت اور مضبوطی کے لئے مطلوبہ وسائل فراہم کرے گی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالحئی عامر بلوچ، ایس ایس پی سیریس کرائم ونگ نجیب اللہ پندرانی، ایس پی عدیل اکبر، ڈی ایس پی راجہ عبدالقیوم، انسپکٹر مقبول احمد گجر، انسپکٹر اسد مندوخیل، سب انسپکٹر نظام الحق، محمد عباس، شبیر باجوہ، اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر سمیع خان کو حسن کارکردگی سرٹیفکیٹ دئیے۔ وزیر اعلیٰ کی جانب سے سیریس کرائم انویسٹی گیشن یونٹ کے لئے ٹوکن آف ایپریسی ایشن کے طور پر کیش ایوارڈ بھی دیا گیا۔