اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امریکی صدرجوبائیڈن کو لکھے جوابی خط میں کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات کوکلیدی اہمیت دیتا ہے۔ اتوار کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امریکی صدر جوبائیڈن کے خط کا جواب دیدیا۔امریکی صدر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور نئی حکومت کیلئے تہنیتی خط ارسال کیا تھا جس میں نئی حکومت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا، اس کے جواب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امریکی صدر کو جوابی خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک توانائی، موسمیاتی تبدیلی، زراعت، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اہم اقدامات پر مل کر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین توانائی کے شعبہ اور گرین الائنس اقدام میں تعاون خوش آئند ہے، پاکستان امریکہ کے ساتھ عالمی امن و سلامتی اور خطہ کی ترقی و خوشحالی کے مشترکہ ہدف کے حصول کیلئے کام کرنے کا خواہاں ہے۔