کراچی(بیورو رپورٹ ) تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے سہراب گوٹھ کے اطراف ریتی بجری کے ڈھیر و تجاوزات کے خلاف سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سپر ہائی وے کے اطراف ریتی بجری کے ڈھیر و تجاوزات فوری ہٹائی جائیں۔ سپر ہائی وے کے اطراف ریتی بجری کے ڈھیر‘ گندگی‘ غلاظت اور تجاوزات کے باعث رہائش و کاروبار مشکل ترین بن چکا ہے۔ سروس روڈ کا وجود ہی ختم ہوچکا ہے اور سروس روڈ پر کاروبار کرنے والے افراد بھی صورتحال سے بہت پریشان ہیں۔ انہوں نے مقامی پولیس و انتظامیہ سے ہائی کورٹ کے احکامات پر فوری عملدرآمد کرانے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ FWOکی عملداری ٹول پلازے تک ہو اور اس سے آگے آبادی والے علاقے میں کسی کو بھی تجاوزات قائم کرنے اور سروس روڈ کو بند کرنے کا اختیار نہیں ہونا چاہئے۔ اس سلسلے میں سندھ ہائی کورٹ کا حالیہ فیصلہ قابل تحسین ہے جس پر فوری عملدرآمد کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپر ہائی وے کے اطراف کاروباری افراد نے کروڑوں روپے لگاکر اپنا کاروبار شروع کررکھا ہے لیکن وہاں ریتی بجری کے ڈھیر‘ گندگی‘ غلاظت اور تجاوزات نے لوگوں کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔ اسی طرح وہاں رہائش پذیر لوگ بھی سخت پریشانی میں مبتلا ہیں۔ آئندہ کے لئے بھی اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہئے کہ رہائشی و کاروباری افراد کے لئے کوئی بھی مشکلات کا باعث نہ بن سکے۔