کراچی(کرائم رپورٹر )
آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی ذیر صدارت سینٹرل پولیس آفس میں ہونیوالے اجلاس میں کراچی پولیس اسپتال اور حیدرآباد میں جدید آلات و سازوسامان,ادویات کی دستیابی سمیت او پی ڈی سے فراہم کردہ جملہ طبی سہولیات کا جائزہ لیا گیا اور مذید ضروری ہدایات دی گئیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ آپکے سابقہ دورانیئے میں جاری کردہ رہنما ہدایات پر پولیس اسپتال کراچی اور حیدرآباد نے دستیاب فنڈز کے تحت درکار جدید آلات و دیگر ضروری مشینری کی پروکیورمنٹ کے عمل کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے جبکہ معیاری ادویات کی اسپتالوں میں دستیابی کا کام بھی 100فیصد ہوچکا ہے۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیس اسپتالوں میں اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کی خدمات کے حوالے سے محکمہ صحت سندھ کو باقاعدہ سفارشات ارسال کی جائیں اور ساتھ ہی کنٹریکٹ پر ڈاکٹرز کی خدمات کے لیئے جملہ ضروری اقدامات کو بھی یقینی بنایا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس اسپتالوں کی او پی ڈی میں تمام تر معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کیساتھ ساتھ مریضوں کو معیاری ادویات بھی دی جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس ملازمین اور انکی فیملیز کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو ناصرف یقینی بنایا جائے بلکہ مرض کی تشخیص کے ضمن میں تجویز کردہ بلڈ ٹیسٹ, ایکسریز و دیگر ضروری ٹیسٹس جیسی سہولیات کو بھی جدید اور معیاری بنایا جائے۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی فائنانس اینڈ ویلفیئر مظفر شیخ,ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز سندھ زبیر دریشک, ڈی آئی جی فائنانس ذوالفقار مہر سمیت فائنانس, ویلفیئر کے اے آئی جیز اور ایم ایس پولیس اسپتال کراچی اور حیدرآباد نے شرکت کی۔