اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی )صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ہر فورم پر ان کے لئے آواز بلند کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد جواد ربیع سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ سفیر نے صدر آصف علی زرداری کو صدر مملکت کاعہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔انہوں نے غزہ کی پٹی میں بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کے مظالم اور دہشت گردی پر روشنی ڈالی۔ فلسطینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے فلسطینی عوام کی بہادری اور اسرائیلی قبضے کے خلاف طویل جدوجہد کو سراہا۔ صدر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تمام رکاوٹوں کو ہٹا کر اور غزہ کی پٹی میں فلسطینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے غزہ میں انسانی امداد کی آزادانہ ترسیل کے لیے کوششیں کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے لیے خوراک اور ادویات سمیت اضافی امدادی سامان بھیجے گا۔فلسطینی سفیر نے تعلیم کے شعبے میں پاکستان کی حمایت کو سراہا، 50 ہزار سے زائد فلسطینی پاکستان تعلیمی اداروں سے مختلف شعبوں میں گریجویشن کر چکے ہیں۔ انہوں نے فلسطینی صدر محمود عباس کا سلام بھی پیش کیا اور فلسطینی عوام کے ساتھ مسلسل حمایت اور یکجہتی پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔