لاڑکانہ( رپورٹ محمد عاشق پٹھان) کمشنر لاڑکانہ ڈویژن غلام مصطفیٰ فل نے لاڑکانہ ڈویژن کے ایس ایس پیز پر زور دیا ہے کہ وہ 21 رمضان المبارک کو حضرت علی رضی اللہ کے یوم شہادت کے موقع پر جلوسوں اور مجالس کی حفاظت کو یقینی بنائیں تاکہ کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے، انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کا خیال رکھنا چاہیے کیونکہ اسلام امن، بھائی چارے اور محبت کا مذہب ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمیٹی روم میں ڈویژنل کوآرڈینیشن کانفرنس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور وقت کا خیال رکھا جائے، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ، قمبر اور شکارپور، ایس ایس پی لاڑکانہ، قمبر، رینجرز، محکمہ صحت کے حکام، میونسپل کمشنر جبکہ ڈی سی اور ایس ایس پی جیکب آباد اور کندھ کوٹ نے ویڈیو لنک پر شرکت کی، اس موقع پر ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز نے کمشنر کو اپنے اپنے اضلاع میں کئے گئے انتظامات سے آگاہ کیا، اس موقع پر کمشنر نے میونسپل افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہر اور دیہی علاقوں بشمول جلسہ گاہوں اور امام بارگاہوں میں صفائی کے انتظامات کو یقینی بنائیں اور لائٹنگ کے نظام کو مزید بہتر اور موثر بنائیں، انہوں نے کہا کہ کنٹرول روم قائم کیے جائیں اور امن کمیٹیوں کو فعال کیا جائے، انہوں نے سیپکو کے حکام کو ہدایت کی کہ شہر میں لٹکی ہوئی بجلی کی تاریں اٹھائیں اور جلوسوں کے دوران لوڈ شیڈنگ سے گریز کیا جائے اور سئی گیس کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ گیس کی لیکیج کو روکیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے، انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی حاضری کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ادویات اور ایمبولینس کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں کنٹرول روم کو بھی فعال بنایا جائے اور ضلع اور تعلقہ کی سطح پر کوآرڈینیشن میٹنگز منعقد کی جائیں، اجلاس میں تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔