اوٹاوہ:(مانیٹرنگ ڈیسک )کینیڈین وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈونے کہاہے کہ بھارتی حکومت کے ایجنٹوں کی طرف سے ملک میں ایک کینیڈین سکھ شہری ہردیپ سنگھ نجار کے قتل کا واقعہ انتہائی تشویشناک ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جسٹن ٹروڈو نے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی تحقیقات سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ تمام کینیڈین شہریوں کو غیر ملکی حکومتوں کے غیر قانونی اقدامات سے بچانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ کینیڈا کی سرزمین پر ایک کینیڈین شہری کے قتل کے واقعے کو ہم سب کو انتہائی سنجیدگی سے لینا چاہیے اور اس قتل میں بھارتی حکومت کے ایجنٹس ملوث تھے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کے ایجنٹس کی اس قتل کے واقعے میں ملوث ہونے کے الزامات کے بارے میں ہم خفیہ طور پر بات نہیں کرسکتے تھے۔کینیڈین وزیرِ اعظم نے کہا کہ تمام شہریوں کو غیر ملکی حکومتوں کے غیر قانونی اقدامات سے بچانے کی ہماری ذمہ داری ہے اورکیونکہ کینیڈا میں مختلف مذاہب اور رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے لوگ آباد ہیں اس لیے ہمیں بہت سنجیدگی سے اس ذمہ داری کو پورا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ذمہ داری کو پورا کرنے کے لیے ہم قانون کی حکمرانی اور اس بات کو یقینی بنانے کے بارے میں واضح رہے ہیں کہ اس قتل کے واقعے کی مناسب تحقیقات ہمارے ملک میں موجود نظامِ انصاف کے قوانین کے مطابق بہت شفاف انداز میں مکمل کی گئی ہیں۔جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ قتل کے اس واقعے کی مزید تحقیقات کرکے معاملے کی تہہ تک پہنچنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ کوئی بھی کینیڈین شہری دوبارہ کسی بین الاقوامی طاقت کے غیر قانونی اقدام کا شکار نہ ہو بھارتی حکومت کے ساتھ بہتر انداز میں کام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔