ٹوکیو(نمائندہ خصوصی )صدر پاکستان کی جانب سے جنگ و جیو کے نمائندہ خصوصی و کالم نگار محمد عرفان صدیقی کے لیے صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی تمغہ خدمت ان کی صحافت کے شعبے میں بیس سالہ شاندار خدمات کا ثمر ہے ، یہ بات جاپان میں پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ نے ٹوکیو میں سفارتخانہ پاکستان میں سول ایوارڈ عطا کرنے کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، سفیر پاکستان نے کہا کہ عرفان صدیقی نے جاپان میں پاکستان کے امیج کے بہتر بنانے میں اپنی صحافت کے زریعے بہترین کردار ادا کیا ہے جبکہ پاکستان اور جاپان دوستی کے فروغ میں بھی ان کا صحافتی کردار قابل تعریف ہے ، سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ عرفان صدیقی پاک جاپان دوستی اور تعلقات پر سات کتابیں تحریر کرچکے ہیں یہ بات جاپان میں پوری پاکستانی کمیونٹی کے لیے باعث اعزاز ہے ، سفیر پاکستان نے کہا کہ عرفان صدیقی کی صحافی کی خدمات کو ریاست پاکستان نے تسلیم کیا ہے اور صدارتی ایوارڈ کا مستحق ٹہرایا ہے ، سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ جاپان میں رہنے والے اور ملک کے لیے خدمات انجام دینے والے مزید پاکستانیوں کوبھی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا جائے ، سفیر پاکستان نے کہا کہ دنیا بھر میں ایک کڑوڑ پاکستانی مقیم ہیں لیکن جاپان میں پاکستانی کمیونٹٰی کا اہم مقام ہے اور بطور سفیر اسے باعث فخر سمجھتے ہیں ، سفیر پاکستان نے عرفان صدییق کو مبارکباد پیش کی اور توقع ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی پاکستان اور جاپان دوستی کے لیے اپنی صحافتی خدمات اسی طرح برقرار رکھیں گے ۔