سرینگر:(نمائندہ خصوصی )مقبوضہ کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اورنیشنل کانفرنس نے بھارتی وزیر امیت شاہ کی طرف سے آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ کی منسوخی اور مقبوضہ جموں وکشمیر سے قابض فوجیوں کے انخلا سے متعلق حالیہ بیان پر شدیدردعمل ظاہر کیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں امیت شاہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ لوگوں کو اس وقت تک بی جے پی حکومت کے کسی وعدے یا دعوے پر یقین نہیں ہو گا جب تک کہ وہ سالانہ دو کروڑ نوکریاں پیدادینے اورلوگوں کے بینک کھاتوں میں 15 لاکھ روپے جمع کرنے کے اپنے وعدے پورے نہیں کرتی ۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت اعتماد سازی کیلئے جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات میں قید صحافیوں اور کشمیری نوجوانوں کی رہائی کاسلسلہ شروع کر سکتی ہے کیونکہ اس سے کشمیر کے عوام کو بڑی راحت ملے گی۔محبوبہ مفتی نے کہاکہ پی ڈی پی مسلسل افسپا جیسے کالے قوانین کی منسوخی اور مقبوضہ کشمیر سے بھارتی فوجی انخلاء کا مطالبہ کرتی رہی ہے ۔نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے ایک بیان میں امیت شاہ کے اس بیان کو گمراہ کن قراردیتے ہوئے کہاہے کہ جس طرح مودی حکومت نے لداخ کے عوام کو ریاست کا درجہ اور چھٹے شیڈول کی بحالی پر دھوکہ دیاہے،امیت شاہ بھی لوک سبھا انتخابات سے پہلے کشمیری عوام کے جذبات سے کھیل رہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اگر بھارتی حکومت یہ تسلیم کرتی ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں صورتحال معمول کے مطابق ہے اور کشمیری عوام نے اس کے غاصبانہ تسلط کو تسلیم کرلیا ہے تو اسے فوری طورپر آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ کو منسوخ اور اپنے فوجیوں کو واپس بلا لینا چاہیے ۔واضح رہے کہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیاتھا کہ مودی حکومت مستقبل میںمقبوضہ جموں وکشمیر سے آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ کی منسوخی اور صورتحال بہتر ہونے پر بھارتی فوجیوں کے انخلا پر غور کریگی ۔ادھرپاسبان حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے بھی مظفر آباد سے جاری ایک بیان میں مقبوضہ جموں کشمیر کی سنگین صورتحال کو پرامن قرار دینے کے امیت شاہ کے بیان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی قیادت مقبوضہ کشمیر کی زمینی صورتحال کے بارے میں عالمی برادری کو گمراہ کر رہی ہے ۔