بشام ( مانیٹرنگ ڈیسک )شانگلہ کے قریب بشام میں مسافر وین کو خود کش دھماکے میں اڑا دیا گیا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے۔ڈی آئی جی ملاکنڈ محمد علی گنڈاپور کے مطابق مسافر وین کو بشام کے مقام پر دھماکے سے اڑایا گیا ہے۔ڈی آئی جی ملاکنڈ محمد علی گنڈاپور نے تصدیق کی ہے کہ خود کش دھماکے کے نتیجے میں مرنے والوں میں 5 چینی شہری اور ان کا ڈرائیور شامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ مسافر گاڑی اسلام آباد سے کوہستان جاتے ہوئے دہشت گردی کا نشانہ بنی ہے۔علاقے کو سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا ہے، دھماکے کے نتیجے میں مرنے والے تمام افراد کی لاشوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔قبل ازیںصدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بشام میں چینی باشندوں پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔جاری کیے گئے بیان میں صدرِ مملکت آصدر زرداری نے حملے میں چینی باشندوں کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔صدرِ مملکت نے ہلاک چینی باشندوں کے اہلِ خانہ اور چینی حکومت سے اظہارِ تعزیت بھی کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان دشمن قوتیں پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری نے خودکش حملے میں چینی باشندوں کی ہلاکت پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بشام دہشت گردی کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو بے نقاب کر کے سخت سزا دی جائے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بشام واقعے کے مجرم سزا سے بچ نہیں سکتے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے چینی باشندوں کی ہلاکت پر چین کی حکومت سے اظہار تعزیت کیا ہے۔انہوں نے بشام میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے بھی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔بلاول بھٹو نے بشام دہشت گردی کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی ہے۔واضح رہے کہ شانگلہ میں بشام کے مقام پر ہونے والے خودکش حملے میں 5 چینی باشندے اور ان کا ڈرائیور ہلاک ہوا ہے۔