کراچی(کرائم رپورٹر )ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز نے احکامات جاری کیے ہیں کہ کراچی میں شام 5 بجے سے افطار تک کوئی افسر چالان نہیں کرے گا۔ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا ہے کہ ٹریفک رواں رکھا جائے تاکہ شہری باآسانی اپنے گھروں پر افطار کرسکیں۔ فیملی کے موجود افراد کو چالان کے بجائے وارننگ دے کر رہنمائی کی جائے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ون وے کی خلاف ورزی پر فوکس کریں، اس وجہ سے حادثات ہوتے ہیں، کراچی میں ون وے کی خلاف ورزی پر ٹریفک کی روانی میں بھی خلل ہوتا ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا تھا کہ سڑک پر ٹرننگ کے پاس گاڑیوں، رکشوں، موٹر سائیکلوں کی پارکنگ روکی جائے۔ آفیسر باڈی وارن کیمرے کے بغیر چالان نہیں کریں گے، افسران و اہلکار اکٹھے کھڑے نہیں ہوں گے۔انکا کہنا تھا کہ شارع فیصل پر فاسٹ لین کی پابندی کو یقینی بنائیں، موٹر سائیکل سواروں کو بائیں لین میں چلنے کی ہدایت کریں۔ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ گاڑیوں کی لفٹنگ کا مخصوص ٹائم مقرر کیا جائے، گاڑیاں صرف ڈبل پارکنگ یا غیرقانونی پارکنگ پر اٹھائی جائیں گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بدتمیزی یا جھگڑا کرنے والے افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔