کراچی ( بیورو رپورٹ) محکمہ موسمیات نے کراچی میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق 29 جون بروز بدھ سے بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جو رواں ہفتے کے آخر میں ملک کے جنوبی علاقوں میں زیادہ شدت اختیار کرنے کے بعد پھیل سکتی ہیں۔30 جون سے 4 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، کشمیر، مری، اٹک، سوات، مانہسرہ، پشاور، مردان، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں آندھی، تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
ملک بھر میں مون سون بارشوں کا پہلا اسپیل رواں ہفتے ہی شروع ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا پہلا سلسلہ جمعے سے شروع ہونے کا امکان ہے جس کے پیش نظر کشمیر، بالائی پنجاب، جنوب مشرقی بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا اور سندھ میں 5 جولائی تک تیز ہواوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مون سون کا دوسرا سلسلہ 6 سے 15جولائی تک متوقع ہے جس میں شدید بارشوں کا امکان ہے ،مزید برآں عیدالاضحی پر بھی بارش متوقع ہے
محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ مون سون سسٹم کے ساتھ بحیرہ عرب سے نم ہوائیں بھی ملک پر اثر انداز ہوں گی، ملک کے شمالی حصے میں 30 جون سے بارشوں کا آغاز ہوگا۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق سندھ میں تھرپارکر، عمرکوٹ اور دیگر علاقوں میں یکم جولائی کی رات سے بارش ہوسکتی ہے، 2 جولائی کی شام یارات کراچی میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔