کراچی(نمائندہ خصوصی)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جو خواب قائد اعظم نے دیکھا تھا ہمیں اختلافات کو بھلا کر ملک کے لئے سوچنا پڑیگا، سب کو مل کر قوم کےلئے کام کرنا پڑیگا۔ کراچی میں یوم پاکستان کے موقعہ پر مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ 23 مارچ کے موقع پر قومی ہیروز کو یاد کرتے ہیں، اس تاریخ کو پاکستان کی قرارداد پیش کی گئی تھی، جو پاکستان کی آزادی ہی بنیاد بنا اور آج ہم بے خوف اپنے ملک میں رہ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج فلسطین میں مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، ایسے ممالک کو احساس محرومی ہے کہ وہ آزاد ملک میں نہیں ہیں، جو خواب اس ملک کے لئے قائد اعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا، آج کے دن ہمیں تہیہ کرنا ہوگا کہ قائد اعظم کے اس خواب کی تکمیل اور پاکستان کی فلاح و بہبود کے لئے تمام اختلافات کو بھلا کر اور ہر قسم کی انا کو پس پشت ڈال کر ہم سب ایک ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم ایک مضبوط قوم بن کر اس ملک کی ترقی کے لئے کام کرے اور پاکستان کو درپیش اندرونی خواہ بیرونی چیلنجز اور سازشوں کے خلاف ہم سب اکٹھے ہوجائیں۔انہوں نے کہا کہ جب تک ہم اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے مضبوط قوم بن کر سامنے نہیں آئیں گے تب تک پاکستان مسائل سے نہیں نکل سکتا، پاکستان کی ترقی کے لئے ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح کے اصولوں اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کو اپناتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کے وزیر اعلی کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اگر آپ مینڈیٹ ملا ہے تو اس قوم کے بارے میں سوچیں، آپ کے لیڈر کی پالیسی نے اس قوم کو بہت ہی پولورائزیشن بھینٹ چڑھا دیا ہے اور بہت زیادہ تقسیم کرنے کی کوشش کی ہے، اگر آپ مزید اس طرح کے بیانات دینگے تو او زیادہ نقصان ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ کے کچہ کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن چل رہا ہے، سندھ کے وزیر اعلی مراد علی شاہ نے اس سلسلے میں واضح احکامات جاری کر رکھے ہیں، نئے وزیر داخلہ بھی کام کر رہے ہیں، متعدد جگہوں پر پولیس اور رینجرز مشترکہ آپریشن کر رہی ہے، اور جن دو اضلاع میں امن امان کا مسئلہ ہے وہاں اس سلسلے میں کارروائیاں ہو رہی ہیں۔