لندن(مانیٹرنگ ڈیسک )پرنسس آف ویلز اور شاہ برطانیہ چارلس سوم کی بڑی بہو کیٹ مڈلٹن نے انکشاف کیا ہے کہ ان میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور وہ اس وقت اس موذی مرض سے نبرد آزما ہیں۔شہزادہ ولیم کی 42 سالہ اہلیہ کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت بیماری کی روک تھام کےلیے کیمو تھراپی کے مراحل سے گزر رہی ہیں۔انہوں نے اپنے ایک انتہائی جذباتی اور بے مثال ویڈیو پیغام میں برطانوی قوم کو یقین دلایا کہ وہ جلد تندرست ہوجائیں گی۔ یہ ویڈیو ریکارڈنگ دو روز قبل ونڈسر محل میں کی گئی۔ کیٹ مڈلٹن نے کہا کہ یہ خبر ایک بڑا دھچکا ہے اور وہ اور ان کے شوہر شہزادہ ولیم نجی طور پر وہ سب کچھ کر رہے ہیں جو کہ بیماری سے نمٹنے اور اپنے نوجوان خاندان کی بہتری کے لیے کرسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ یہ خبر ان کی اور ان کے شوہر شہزادہ ولیم کی چند روز قبل مسکراتے ہوئے محل کے قریب ان کے پسندیدہ فارم شاپ سے نکلتے ہوئے نظر آنے کے بعد سامنے آئی ہے۔شاہی محل کے مطابق شہزادی کے کینسر کی تشخیص ان کے جنوری میں ہونے والی پیٹ کی بڑی سرجری کے بعد ہوئی ہے، محل کے مطابق انہیں کس قسم کا اور کس اسٹیج کا کینسر ہے اس کے بارے میں لوگ قیاس آرائی نہ کریں۔ واضح رہے کہ شاہ چارلس سوم کا بھی اس وقت کینسر کا علاج جاری ہے، شاہ چارلس اور ملکہ کو شہزادی کی بیماری کی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب وزیراعظم رشی سونک نے کہا ہے کہ پورے ملک کے عوام کی ہمدردیاں اور محبت شہزادی کیٹ مڈلٹن ساتھ ہے، ان کے مطابق اس خبر کے سامنے آتے ہی پوری دنیا سے انکے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔