کراچی( بیورو رپورٹ )تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے مطالبہ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی’ شاہ محمود قریشی’ پرویزالہی سمیت تمام سیاسی قیدیوں کے تمام کیسز پر ذسٹرکٹ کورٹس اور انسداد دہشت گردی عدالتوں سے 2 ماہ میں فیصلے ہونے چاہئیں اور ان تمام کیسز پر اپیلوں کی سماعتیں متعلقہ ہائی کورٹس اور پھر سپریم کورٹ 15-15 دنوں میں ہوجانی چاہئے۔ سیاسی رہنماؤں اور سیاسی قیدیوں کے تمام مقدمات پر مکمل فیصلے 3 ماہ میں کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ چونکہ انتخابات ہوچکے ہیں اور نئی حکومتیں بن چکی ہیں اسی لئے اب سیاسی مقدمات پر جلد فیصلے کئے جائیں۔ انہوں نے زین قریشی کے شہدأء سے جذبہ خیرسگالی کے بیان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شاہ محمود قریشی کے قید میں ہونے کے باوجود زین قریشی کا بیان قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کو میں اچھی طرح جانتا ہوں وہ کبھی بھی عسکری اداروں کے خلاف کوئی بات نہیں کریں گے۔ پی ٹی آئی کی باقی قیادت کو بھی زین قریشی کی طرح سے رویہ اختیار کرنا چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ایسے اقدامات روک دے جس سے ملک دشمنی کا تاثر پیدا ہوتا ہے۔ بیرون ملک ایسے مظاہرے جن میں اہم عسکری شخصیات کے خلاف بینرز اٹھائے جائیں یہ قابل مذمت ہیں اور اس طرز عمل کا خاتمہ ضروری ہے۔ یہ طرز عمل ہی ملک دشمنی کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے حکومت اور اپوزیشن کو سیاسی استحکام کے لئے موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔