کراچی(نمائندہ خصوصی) کراچی میں امریکی قونصل جنرل کانرڈ ٹربل نے پیر کو نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس ( ناپا) کا دورہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے امریکی قونصل خانے اور ناپا کے درمیان مختلف شعبوں میں ممکنہ اشتراک پر گفتگو کی۔امریکی قونصل جنرل کا ناپا پہنچنے پر ناپا کے چیئرمین سید جاوید اقبال، بورڈ اراکین، سابق سینیٹر جاوید جبار، انور رمل، مہتاب اکبر راشدی، شاہ رخ حسن اور ستیشن آنند اورناپا کے سی ای او جنید زیبری نے پرتپاک استقبال کیادونوں فریقین نے دوستانہ ماحول میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی قونصل جنرل نے ناپا کے ساتھ مزید اشتراک کےلئے اپنی خواہش کااظہار کیا۔انہوں نے مستقبل قریب میں امریکی قونصل خانے کی طرف سے پیش کئے جانے والے مختلف ثقافتی پروگراموں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ ناپا کے تھیٹر اور میوزک ڈیپارٹمنٹس کے سربراہوں نے دونوں ڈیپارٹمنٹس کی سرگرمیوں کے بارے میں انہیں بریفنگ دی۔ناپا کے چیئرمین نے امریکی قونصل جنرل کو ناپا کی یادگار پیش کی۔ اس موقع پر قونصل جنرل نے ضیا محی الدین تھیٹر میں جاری بچوں کے ڈرامہ میں مختصر وقت کےلئے شرکت کی۔امریکی پبلک ڈپلومیسی آفیسر اناماریہ کیرلز اور پروگرام مینجمنٹ کوارڈنیٹر احسان افضل بھی قونصل جنرل کے ہمراہ تھے۔