سرینگر:(نمائندہ خصوصی )کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آزادی پسند تنظیموں پر پابندی عائد کئے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں ایڈوکیٹ ارشد اقبال، فیاض حسین جعفری، سید سبط شبیر قمی، یاسمین راجہ، حفظہ بانو، مولانا مصعب ندوی اور امتیاز ریشی نے سرینگر میں اپنے بیانات میں بھارتی حکومت کی طرف سے مسلم اکثریتی خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے والے اقدامات کی مذمت کی۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کا چارٹر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی ضمانت دیتا ہے اور آزادی پسند جماعتوں پر پابندی بلا جواز ہے۔حریت رہنمائوں نے جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ، پیپلز فریڈم لیگ اور جموں و کشمیر پیپلز لیگ جیسی تنظیموں پر پابندی لگانے کے حالیہ بھارتی اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت کے حصول سے نہیں روک سکتے۔حریت رہنمائوں نے بھارتی جبر و استبداد کے باوجود جدوجہد آزادی کے لیے کشمیریوں کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کشمیر بھارت کے زیر قبضہ ایک متنازعہ علاقہ ہے اور کشمیری مقصد کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔