لاہور(بیورو رپورٹ ) وفاقی وزارت داخلہ نے پنجاب حکومت کو 15اپریل سے افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کی ملک بدری کیلئے آپریشن فیز 2 شروع کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ آفتاب درانی کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں ہوم سیکرٹری پنجاب نورالامین سمیت محکمہ داخلہ کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ معتبر ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی طرف سے پنجاب کو افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز (اے سی سی) کی فہرستیں فراہم کی جائیں گی جنہیں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ جس طرح غیر قانونی غیر ملکی اور افغان شہریوں کو گرفتار کرکے ضلعوں میں قائم ہولڈنگ سنٹرز میں رکھا گیا اور پھر ڈی پورٹ کیا گیا اسی طرح اے سی سی کارڈ ہولڈرز کو بھی پہلے رضا کارانہ طور پر واپس افغانستان جانے کے لئے کہا جائیگا جس کے بعد انہیں گرفتار کرکے ڈی پورٹ کیا جائیگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کا ڈیٹا وفاقی حکومت کے پاس موجود ہے جس کی وجہ سے ماضی میں غیر قانونی غیر ملکیوں کو ٹریس کرنے میں جو مشکلات درپیش آئیں وہ اب نہیں ہوں گی۔ ذرائع نے بتایا کہ غیر ملکیوں کی ملک بدری کے فیز ٹو کے ختم ہونے کے فوری بعد فیز تھری شروع کرنے کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، جس میں افغان پی او آر (Proof of Residence) کارڈ ہولڈرز کو ملک بدر کیا جائیگا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اب تک 4 لاکھ سے زائد غیر قانونی غیر ملکی افغان باشندوں کو ڈی پورٹ کیا جاچکا ہے۔