سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں ضلع کپواڑہ کے علاقے یملر کے مکینوں نے بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر قابض حکام کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظاہرین نے بتایا کہ ان کے علاقے کی سڑک کی حالت ناگفتہ بہہ ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ مکینوں کا کہنا تھا کہ سڑک کی حالت انتہائی خراب ہے لیکن متعلقہ محکمہ خاموش تماشائی بن کر مقامی لوگوں کی مشکلات دیکھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے متعدد بار اس مسئلے کو متعلقہ محکمے کے نوٹس میں لایا لیکن ہر بار ہمیں بتایا جاتا ہے کہ ہماری سڑک کی تعمیر منصوبہ بندی میں رکھی گئی ہے لیکن سال کے آخر میں متعلقہ حکام ایک الگ ہی کہانی سناتے ہیں۔مقامی لوگوں نے بجلی کی غیر معمولی اور غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر محکمہ بجلی کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے کہاکہ بجلی کے بل باقاعدگی سے ادا کرنے کے بعد بھی انہیں مقررہ شیڈول کے مطابق بجلی فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا ایک طرف بجلی کے نرخوں میں مسلسل اضافہ ہورہاہے تو دوسری طرف لوڈ شیڈنگ بڑھتی جارہی ہے۔ ایک مقامی شخص عبدالہادی نے بتایاکہ یہاں زیادہ تر لوگ مزدور طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور بجلی کے نرخوں میں اضافہ لوگوں کی برداشت سے باہر ہے۔لوگوں کو پینے کے پانی کی عدم دستیابی کا بھی سامنا ہے۔مکینوں نے کہا کہ علاقے کے زیادہ تر گھرانوں کو نل کا پانی نہیں مل رہا کیونکہ دہائیوں قبل بچھائی گئی پانی کی پائپ لائن خراب ہو چکی ہے اوراس کی تعمیر ومرمت پر کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے۔