اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) ایس او ایس فاؤنڈیشن نے، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی، اور قائد اعظم یونیورسٹی کے تعاون سے اسلام آباد ماڈل اسکول، آئی 8/1 اسلام آباد میں شجر کاری مہم 2024 کے افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا,تقریب کی مہمان خصوصی ڈاکٹر شائستہ سہیل، سی ای او، ایس او ایس فاؤنڈیشن تھی جبکہ دیگر مہمانان میں ڈاکٹر شجاع الملک قائد اعظم یونیورسٹی، پروجیکٹ ڈائریکٹر نیشنل یونیورسٹی فار سیکیورٹی سائنسز اسلام آباد نشاط فاطمہ، اسکول کی پرنسپل شافیہ خان، ایس او ایس فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر عبد السلام، اور نعمان شاکر شامل تھے۔ڈاکٹر شائستہ سہیل نے خطاب کرتے ہوئے درختوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے آکسیجن اور درختوں کے درمیان تعلق کو زندگی کی بنیاد قرار دیا، انہوں نے کہا کہ "آکسیجن کے بغیر کوئی زندگی نہیں، اور درختوں کے بغیر کوئی آکسیجن نہیں۔” انہوں نے بچوں کو درخت لگانے کی تاکید کی، کہ ہر بچہ اپنے گھر میں بھی کم از کم ایک پودا ضرور لگائیں. ڈاکٹر شجاع الملک نے روزمرہ کی زندگی میں درختوں کے مختلف فوائد پر بات کی، اور خاص طور پر پھل دار درختوں کی کاشت کی اہمیت کو اجاگر کیا. نشاط فاطمہ نے بچوں کو ہر سال اپنی سالگرہ کے موقع ہر ایک درخت لگانے اور اپنے جنم دن کو یادگار بنانے کی تاکید کی. انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جنگل تیزی سے ختم ہوتے جارہے ہیں، جس پر فوری توجہ کی ضرورت ہے. شجرکاری مہم میں بھرپور شرکت کرنے والے طلبہ و طالبات اور اساتذہ میں انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کے گئے.