اسلام آباد(بیورو رپورٹ)وفاقی وزیر داخلہ نے ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عہدہ کا چارج سنبھالنے کے بعد ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ ہیڈکوارٹرز دورہ کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر اور دیگر اعلیٰ حکام نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔بعد ازاں وفاقی وزیر نے ایف آئی اے حکام کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جہاں پر ان کو ادارہ جاتی امور پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں ایف آئی اے کے تمام ایڈیشنل ڈائیریکٹر جنرلز ، ڈائریکٹرز اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔وفاقی وزیر داخلہ کو ایف آئی اے کے مختلف شعبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گی۔وزیر داخلہ کو انسانی اسمگلنگ، مالی جرائم بشمول منی لانڈرنگ ، حوالہ ہنڈی، غیر قانونی کرنسی ایکسچینج ، کرپشن اور سائبر کرائم سے نمٹنے کے لیے ایف آئی اے کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے بریفننگ پر اطمینان کا اظہار کیا اور ایف آئی اے انٹرپول کی کارکردگی کو سراہا ۔وفاقی وزیر نے ایف آئی اے کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے عزم کا اظہار کیا ۔انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی جائے۔حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جعلی ادویات بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ان کے نیٹ ورکس کو جڑ سے ختم کیا جائے ۔سائبر کرائم ونگ کی کارکردگی بڑھانے کے لیے مزید تھانے قائم کیے جائیں۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ منی لانڈرنگ اور کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کی جائے گی ۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ ایف آئی اے ملازمین کی استعداد کار بڑھانے کے لیے ان کی پیشہ وارانہ تربیت اور ادارہ جاتی ترقی کو ترجیحات میں شامل کیا جائے۔