میرپور:(نمائندہ خصوصی)آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وکلاءپر زور دیا ہے کہ وہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ کشمیر کاز کیلئے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق صدر آزاد کشمیر نے یہ بات سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ کی قیادت میں بار ایسوسی ایشن کے وفد سے بات چیت کے دوران کہی جس نے ان سے میر پور میں ملاقات کی۔آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا تین رکنی وفد صدر راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ، جوائنٹ سیکرٹری ایڈوکیٹ جمشید احمد بٹ اور رکن ایگزیکٹو کمیٹی خالد نقشبندی پر مشتمل تھا۔آزادجموں وکشمیر کے صدر نے وفد کے ارکان سے کہا کہ وکلاءکو اپنے پیشہ ورانہ فرائص کی انجام دہی کے دوران ہمیشہ قانون اور انصاف کی بالادستی کو ترجیح دینی چاہیے۔وفد نے اس موقع پر صدر کو کشمیر کاز کو قومی اور بین الاقوامی محاذوں پر فروغ دینے میں اپنے مکمل تعاون اور مدد کا یقین دلایا۔