ڈیرہ اسماعیل خان( نمائندہ خصوصی)دہشتگردوں کا رات گئے ڈیرہ کے علاقہ مڈی میں پولیس اور پاک فوج کی مشترکہ چیک پوسٹ پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ‘ 3دہشتگرد ہلاک‘ 10سے زائد زخمی‘50 سے زائد دہشتگردوں نے چیک پوسٹ کو گھیرے میں لیکر حملہ کیا۔حملے میں راکٹ لانچرز‘ دستی بموں اور سنائپرز کے ساتھ ساتھ دیگر ہتھیار استعمال کیے گئے‘ مقابلہ دو گھنٹے سے زائد تک جاری رہا‘گھروں کی چھتوں پر دہشتگردوں کے خون کے بڑے بڑے نشانات تھے‘ فرار ہوتے ہوئے دہشتگردوں زخمی ساتھیوں اور لاشوں کو ہمراہ لے گئے‘ مقامی ذرائع ‘کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران مساجد میں عوام کو گھروں تک محدود رہنے کے اعلانات‘ دہشتگردوں کو منہ توڑ جواب دینے پرپاک فوج کے کمانڈر کی طرف سے ایلیٹ فورس کے جوانوں کو ویل ڈن اور نقد انعام۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب بارہ بجے کے قریب 50 سے زائد نامعلوم دہشتگردوں نے تحصیل کلاچی کے علاقہ مڈی میں پولیس اور پاک فوج کی قائم مشترکہ چیک پوسٹ کو چاروں طرف سے گھیر کر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر دیا۔ حملے میں دہشتگردوں نے راکٹ لانچرز‘ دستی بموں اور سنائپرز کے علاوہ دیگر ہتھیاروں کا استعمال کیا۔پاک فوج اور پولیس کے جوانوں نے ڈٹ کر دہشتگردوں کا مقابلہ کیا۔ دوگھنٹے سے زائد تک جاری مقابلے میں 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے جبکہ دس سے زائد زخمی ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق بکتر بند گاڑی کے ذریعے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا گیا۔ مقابلے میں دہشتگردوں کی بڑی تعداد کے زخمی ہونے کے بعد باقی ماندہ دہشتگرد رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ مقامی لوگوں کے مطابق گھروں کی چھتوں پر دہشتگردوں کے خون کے بڑے بڑے نشانات سے تصدیق ہوتی ہے کہ پاک فوج اور پولیس کی جوابی کارروائی سے دہشتگرد ہلاک ہوئے اور بڑی تعداد میں ان کے ساتھی زخمی بھی ہوئے جنہیں وہ اپنے ہمراہ لے گئے۔ واقعہ کے بعد علاقہ کو دیگر دہشتگردوں سے پاک کرنے کے لیے پاک فوج کے کمانڈوز نے علاقہ میں سرچ آپریشن شروع کیا۔ سرچ آپریشن کے دوران مساجد میں اعلانات کرکے لوگوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی گئی۔ پاک فوج کے جوانوں کی جانب سے مڈی چیک پوسٹ پر ہونیوالے حملہ میں دہشتگردوں کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کے کمانڈر کی طرف سے ایلیٹ فورس کے جوانوں کو ویل ڈن اور نقد انعام سے بھی نوازا گیا۔