راولپنڈی(نیوز ڈیسک)محکمۂ داخلہ پنجاب نے اڈیالہ جیل میں ہر قسم کے دوروں، ملاقاتوں اور انٹرویوز پر پابندی عائد کر دی۔نوٹیفکیشن کے مطابق اڈیالہ جیل میں پابندی سیکیورٹی الرٹ کی وجہ سے لگائی گئی، جیل احاطے کے باہر خاردار تار تنصیب کی گئی ہے۔جیل احاطے میں ہر شخص کی جامہ تلاشی لی جائے، جیل احاطے کے اندر اور اردگرد کلیئرنس آپریشن کیا جائے۔بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی عائد کر دی گئی۔ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر پابندی کا فیصلہ محکمۂ داخلہ پنجاب نے کیا، ان سے ملاقاتوں پر پابندی کا اطلاق 2 ہفتوں کے لیے ہو گا۔واضح رہے کہ جیل انتظامیہ نے منگل اور جمعرات کا دن ملاقاتوں کے لیے مختص کر رکھا تھا۔اس سے قبل راولپنڈی پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کوریج پر پابندی لگا دی تھی۔پولیس نے اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 کے باہر میڈیا گاڑیوں کی پارکنگ پر بیریئر لگا دیے تھے۔موقع پر موجود سیکیورٹی اہلکار نے کہا تھا کہ میڈیا کو آج کوریج کی اجازت نہیں، میڈیا ٹیمیں جیل سے 2 کلو میٹر دور چلی جائیں۔