کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے بہنوئی آصف حیدر شاہ کو چیف سیکریٹری سندھ مقرر کر دیا گیا ہے۔وفاقی حکومت نے چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر فخر عالم کا تبادلہ کرتے ہوئے گریڈ 22 کے افسر سید آصف حیدر شاہ کی بطور چیف سیکریٹری سندھ تعیناتی کر دی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔اس سے قبل سید آصف حیدر شاہ وفاقی سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ کے طور پر تعینات تھے۔آصف حیدر شاہ نے 1993ء میں سول سروس آف پاکستان میں شمولیت اختیار کی تھی۔
آصف حیدر شاہ نے بطور کمشنر حیدرآباد، کمشنر کراچی، اسپیشل سیکریٹری کیبنٹ ڈویژن، وفاقی سیکریٹری وزارت ثقافت اور وفاقی سیکریٹری پاور ڈویژن کے طور فرائض سرانجام دیے ہیں۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق سید آصف حیدر شاہ پیشے کے لحاظ سے ایک سول انجینئر ہیں، سید آصف حیدر شاہ نے آئی بی اے کراچی سے ایم بی اے کی ڈگری، ہارورڈ یونیورسٹی آمریکا سے ماسٹر کی ڈگری اور ہارورڈ اور سٹینفورڈ یونیورسٹیوں سے فیلوشپ حاصل کی ہے۔آصف حیدر شاہ کے پاس غیر معمولی انتظامی مہارت ہے اور وہ عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے ایک فعال نقطہ نظر رکھتے ہیں۔ماضی میں ان کی کارکردگی کو بطور کمشنر کراچی اور حیدرآباد معاشرے کے مختلف طبقات نے بڑے پیمانے پر سراہا تھا۔