کراچی(نمائندہ خصوصی) فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاتف اکرام شیخ نے صارفین کی نمائندہ تنظیم کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کوکب اقبال کو مرکزی قائمہ کمیٹی برائے کنزیومر پروٹیکشن ، ایڈلٹیشرن کا سال2024-25کا کنوینر مقرر کیا ہے۔ کوکب اقبال گذشتہ پچیس سالوں سے صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کر رہے ہیں ۔ جبکہ وہ صارفین کی نمائندہ تنظیم کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے بانی و چیئرمین ہیں۔ ان کی کوششوں سے پاکستان کے تمام صوبوں میں کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ نافذ ہوچکا ہے۔ تمام صوبوں میں فوڈ اتھارٹیز، کنزیومر کورٹس، پاکستان ہلال اتھارٹی اور ملک کے تین بڑے محکموں اسٹیٹ بینک آف پاکستان، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی میں کنزیومر پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ بھی قائم ہوچکے ہیں۔ کوکب اقبال وفاقی وزارت آئی ٹی ، ٹیلی کام کے ادارے یونیورسل سروسز فنڈ میں بحیثیت بورڈ آف ڈائریکٹر اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ کمشنر کراچی کی ٹاسک فورس کے ممبر بھی رہے ہیں جبکہ صوبائی وزیر انڈسٹری کی کنزیومر پروٹیکشن کی ٹاسک فورس کے چیئر مین کی حیثیت سے بھی فرائض سرانجام دیتے رہے ہیں ۔ انکو صارفین کی خدمات کے صلے میں مختلف سماجی اداروں نے ایوارڈز سے بھی نوازا ہے۔ جبکہ گورنر پنجاب نے صارفین کی خدمات کے صلے میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا ہے ۔ کوکب اقبال نے خواتین صارفین اور مختلف شعبہ جات میں کام کرنے والی خواتین کے لیے کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان میں وومن ونگ بھی قائم کیا ۔ انہوں نے عالمی سطح پر مختلف کانفرنس میں شرکت کی جبکہ صارفین سے متعلق 55سے زیادہ مضامین لکھے جو پاکستان کے مشہور میگزین واخبارات میں شائع ہوچکے ہیں اور پاکستان کے ہر ٹی وی چینل پر انٹرویو بھی نشر ہوچکے ہیں۔