مظفرآباد(نمائندہ خصوصی )چیئرمین پاسبان حریت جموں کشمیر عزیر احمد غزالی نے کہا ہیکہ فلسطین و غزہ پر اسرائیل کی بربریت ، بمباری اور سفاکیتقابلِ نفرت جرائم ہیں جہاں اسرائیل ہزاروں ٹن بارود فلسطین و غزہ کے نہتے معصوم شہریوں پر برسا چکا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں اب تک اکتیس ہزار سے فلسطینی شہری شہید اور پچھتر ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ کے اندر مسلمانوں کی منظم نسل کشی کررہا ہے جہاں ہزاروں بچے اور بچیاں شہید کی جا چکی ہیں ، اسرائیلی دہشت گردی ظلم و جبر کی انتہاؤں کو چھو رہی ہے شیر خوار بچوں کو فضائی حملوں میں شہید کیا جا رہا ہے۔ عزیر احمد غزالی کا کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر ڈیڑھ سو فلسطین شہریوں کو شہید جن میں پچاس فیصد خواتین ہیں شہید کیا جا رہا ہے ۔ پورا غزہ کھنڈرات کی صورت اختیار کرگیا ہے۔ لاکھوں فلسطینی شہریوں کو بھوک اور پیاس کا سامنا یے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا فلسطین کو آزادی ، امن اور انصاف دینے میں ناکام ہوگئی ہے اسرائیلی دہشت گردی کو روکنے والا کوئی نہیں ہے۔ انکا کہنا تھا کہ اسرائیل کے ہی شیطانی منصوبوں کو اپناتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندرہ مودی بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت غالب مسلم اکثریتی ریاست مقبوضہ جموں کشمیر میں ہندوتوا کے خونی پنجوں کو مضبوط بنانے کی کوشش کررہی ہے جہاں ریاست اور مسلمانان جموں کشمیر کی زمینوں ، جائیدادوں اور وسائل پر قبضے کیئے جارہے ہیں۔ نریندرہ مودی ریاست کے مسلم تشخص کو ہندو شناخت میں بدلنے کے لیے بدترین سامراجی ہتھکنڈے اور سازشیں بن رہا ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ دنیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیئے ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں لایا جائے اور ریاست جموں کشمیر کے عوام کو اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کیلئے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق آزادانہ ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کا موقع دیا جائے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں مظلوم اقوام فلسطینی اور کشمیری اسرائیل اور بھارت جیسے دہشت گرد استعمار سے اپنی آزادیوں کی جدوجہد جاری رکھیں گئے