اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹر پلیتھا گونراتھنا سے پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ڈبلیو ایچ او کا بروقت تعاون مثالی رہاہے اور انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ڈبلیو ایچ او پاکستان کے لیے تعاون کی فراہمی جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے میں عالمی ادارہ صحت نے ہمیشہ مدد کی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ انسداد پولیو کے اقدامات کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے اور عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کرونا وائرس (کوویڈ 19) ویکسین تک رسائی کے لیے بہترین تعاون فراہم کرنے پر ڈاکٹر پلیتھا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر پلیتھا نے چیئرمین سینیٹ کو ڈبلیو ایچ او کے پاکستان میں منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس خطے کا واحد ملک ہے جہاں اس وبائی مرض کو موثر انداز میں قابو کیا گیا ہے۔