ممبئی(شوہر ڈیسک)بالی ووڈ کے ہدایتکار کبیر خان نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ کے بھائی جان اداکار سلمان خان اور باربی ڈول کترینہ کیف خراب تعلقات کے باعث ایک ساتھ کام کرنے کے لیے راضی نہیں تھے اور فلم کرتے وقت غیر آرام دہ محسوس کر رہے تھے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ انٹرویو میں بلاک بسٹر فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ کے ہدایت کار نے فلم کی ریلیز کے 11 برس بعد انکشاف کیا ہے کہ سلمان خان اور کترینہ کیف کو بریک اپ کے فوراً بعد ایک ساتھ فلم میں کاسٹ کرنا بہت مشکل تھا۔دوران انٹرویو کبیر خان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ کے فلمسازوں نے سلمان خان سے رابطہ کرنے سے قبل کترینہ کیف کو زویا کے کردار کے لیے سائن کر لیا تھا اور اس کے بعد سلمان خان سے ٹائیگر عرف اویناش سنگھ راٹھور کے مرکزی کردار کے لیے رابطہ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ یہ وہی وقت تھا جب دونوں فنکاروں نے چار برس رشتے میں رہنے کے بعد ایک دوسرے سے راہیں جدا کر لی تھیں، ایسے وقت میں دونوں ایک دوسرے کے ساتھ ایک سیٹ پر غیر آرام دہ محسوس کر رہے تھے۔واضح رہے کہ ماضی میں سلمان خان اور کترینہ کیف نے چار سال تک ایک دوسرے کو ڈیٹ کیا، اس عرصے کے دوران دونوں کی شادی سے متعلق بھی خبریں سامنے آئی تھیں، دونوں اسٹارز نے بالی ووڈ کو کئی کامیاب فلمیں بھی دیں۔بریک اپ کے فوراً بعد سلمان خان اور کترینہ کیف سُپر ہٹ فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ میں نظر آئے، اس فلم میں دونوں نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، مداحوں نے فلم میں ان کی جوڑی کو خوب پسند بھی کیا تھا۔واضح رہے کہ ٹائیگر فرنچائز کی اب تک تین فلمیں 2012 میں ’ایک تھا ٹائیگر‘، 2017 میں ’ٹائیگر زندہ ہے‘ اور 2023 میں ’ٹائیگر 3 ‘ ریلیز ہوچکی ہیں، تینوں فلموں میں سلمان خان اور کترینہ کیف نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔