کراچی(نیوز ڈیسک)نو منتخب وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی ٹیم کی تشکیل کا معاملہ آخری مراحل میں داخل ہو گیا، نئی کابینہ میں شامل وزیروں، مشیروں اور معاونین کے ناموں کا فیصلہ کرلیا گیا۔ذرائع کے مطابق شہباز شریف کابینہ میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو وزیر خارجہ کا قلمدان دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ سابق نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر کو معاون خصوصی خزانہ اور اورنگزیب خان کو مشیر خزانہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ سابق نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کو مشیر خارجہ اور طارق فاطمی کو معاون خصوصی خارجہ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نئی کابینہ میں سابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو مشیر داخلہ جبکہ خواجہ آصف کو وزارت دفاع کا قلمدان دیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق عطا اللہ تارڑ کو وزارت اطلاعات، مصدق ملک کووزارت توانائی کا قلمدان سونپنے اور احسن اقبال کو وزیر منصوبہ بندی و ترقی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ غازی اختر کو انڈسٹریز اور سلمان احمد کو بورڈ آف انویسٹمنٹ میں ذمہ داریاں دینے کا امکان ہے۔واضح رہے جلیل عباس جیلانی نگران وزیر خارجہ، شمشاد اختر نگران وزیر خزانہ، اور محسن نقوی نگران وزیراعلیٰ پنجاب رہے ہیں۔یہ بھی یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پارٹی صدر اور وزیر اعظم شہباز شریف کو کابینہ جلد تشکیل دیکر منشور پر عمل درآمد شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت کے غیر رسمی اجلاس میں نواز شریف کا شہباز شریف سے کہنا تھا وزیر اعظم آپ جلد کابینہ تشکیل دیں اور منشور پر عمل درآمد شروع کریں۔ذرائع کا بتانا ہے کہ نواز شریف کا یہ بھی کہنا تھا ہمیں اس وقت پہاڑ جیسے چیلنجوں کا سامنا ہے اور عوام کو ہم سے بہت توقعات ہیں، مہنگائی میں کمی بھی ناگزیر ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پیپلز پارٹی کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کرنے پر مشاورت ہوئی اور اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا آصف زرداری کے صدر منتخب ہونے کے بعد ان سے پھر گزارش کروں گا۔