سرینگر(مانیٹرنگ ڈیسک )بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت سے آزادی ہر کشمیری کا خواب ہے جنہیں بڑے پیمانے پر بھارتی ریاستی دہشت گردی، سیاسی ناانصافی اور خوف و ہراس کا سامنا ہےکشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بھارت بندوق کی نوک پر کشمیریوں کو اپنے ساتھ رکھنا چاہتا ہے اور وہ انکے جذبہ آزادی کو دبانے کیلئے انہیں بدترین مظالم کا نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کے وحشیانہ مظالم کشمیریوں کے عزم کو توڑنے میں ناکام رہے ہیں اور وہ مشکلات و مصائب کے باوجود اپنی مزاحمت عزم وہمت سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ بھارت میں بی جے پی اور آر ایس ایس کا خطرناک گٹھ جوڑپڑوسی ملکوں کے لیے بھی شدید خطرے کا سبب ہے ، دنیا کو اس گٹھ جوڑ کے پیچھے کارفرما جارحانہ عزائم اور تنازعہ کشمیر کے حل کی اہمیت کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہا کہ آزادی کے ساتھ جینا اور بھارتی غلامی کا خاتمہ ہر کشمیری کا خواب ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں سیاسی کارکنوں اور صحافیوں کو بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانے پر دھمکیوں، گرفتاریوں اور جیلوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ترجمان نے اقوام متحدہ پرزور دیا کہ وہ تنازعہ کے حل کے حوالے سے اپنی ذمہ داری ادا کرے اور اس کے حل کے لیے بھارت پر دباﺅ ڈالے