کراچی / اسلام آباد / لاہور ( نمائندہ خصوصی ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم کی حصول منزل کی جدوجہد میں پاکستانی خواتین کے غیر متزلزل جذبے، ہمت اور غیر متزلزل عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم سازی کے عمل میں خواتین کا کردار بے مثال رہا ہے اور آج جب ہم خواتین کا عالمی دن منا رہے ہیں، تو یہ ضروری ہے کہ ہم اپنی خواتین کی گرانقدر خدمات کو تسلیم اور حوصل افزائی کریں۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ میری پارٹی خواتین کے حقوق کے تحفظ، فلاح و بہبود اور خودمختاری کے لیے ہمیشہ پرعزم رہی ہے۔ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بصیرت افروز قیادت کے تحت قوم نے خواتین کو بااختیار بنانے اور زندگی کے تمام شعبوں میں ان کی فعال شرکت کو یقینی بنانے کے لئے بے مثال پالیسیوں کا آغاز دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام شہید بھٹو کی سماجی انصاف سے وابستگی ملک میں جامع اور مساوی معاشرے کی بنیاد رکھی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت میں پاکستان نے خواتین کے حقوق میں تاریخی سنگ میل عبور کیا، مسلم اکثریتی ملک کی قیادت کرنے والی پہلی خاتون کی حیثیت سے انہوں نے خواتین کے آگے کھڑی رکاوٹوں کو توڑا اور صنفی مساوات، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ترقی کے عمل کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ بی بی شہید کے دور میں قوم نے فرسٹ ویمن بینک، ویمن پولیس اسٹیشنز کے قیام اور لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام اور خواتین کسانوں کو زمین کی الاٹمینٹ جیسے موثر اقدامات دیکھے، جو پاکستانی خواتین کے لیے ایک پائیدار لیگیسی ہے۔ پی پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری نے اپنے سابقہ دورِ صدارت کے دوران خواتین کو بااختیار بنانے کو ترجیح دینے اور ان کے حقوق اور فلاح و بہبود کے لئے پالیسیوں کی حمایت کرنے کی لیگیسی کو جاری رکھا۔ صدر آصف علی زرداری کی قابل ذکر خدمات میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) جیسا انقلابی اقدام بھی شامل ہے، جسے عالمی بینک نے بہت سراہا اور پذیرائی دی ہے، اور جو پاکستان کی خواتین کے لیے ایک تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے حق میں قانون سازی اور دیگر اقدامات بھی صدر زرداری کے پاکستانی خواتین کی فلاح و بھبود کے متعلق ان کے عزم کے عکاس ہیں، جن سے خواتین کو معاشی اور سماجی طور پھلنے پھولنے کے لئے سازگار ماحول کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی، میں خواتین کو بااختیار بنانے، ان کے حقوق اور ترقی و بھبود کے حوالے سے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔ انہوں نے قوم سے مخاطب ہوتے ہوئے زور دیا کہ خواتین کے اس عالمی دن کے موقع پر آئیے ہم نہ صرف ان اقدامات پر مسرت کا اظہار کریں جو ہم نے اِس وقت تک اٹھائے ہیں بلکہ ان چیلنجوں کو بھی تسلیم کریں جو تاحال ہمارے سامنے موجود ہیں۔ آئیے ہم سب مل کر ایک زیادہ جامع اور مساوات پر کھڑے معاشرے کی جانب اپنے سفر کو جاری رکھیں جہاں ہر پاکستانی خاتون کو اپنی پوری صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے بااختیار بنایا جائے۔ آخر میں، میری جانب سے سب کو خواتین کے عالمی دن کی مبارک باد دی